پاکستان کی اسرائیل کے غزہ اور شام پر فضائی حملوں کی شدید مذمت

Published On 27 August,2025 01:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے غزہ اور شام پر فضائی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسرائیل نے خان یونس میں ہسپتال اور شام پر فضائی حملے کئے ہیں، خان یونس میں ناصر ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملہ قابل مذمت ہے، ہسپتال پر حملے میں کم از کم 21 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں چار صحافی اور ایک امدادی کارکن بھی شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال پر گھناؤنا حملہ اور صحافیوں کو مسلسل نشانہ بنانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عالمی برادری سے مطالبے کرتے ہیں کہ اسرائیل کو جرائم کیلئے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان شام پر اسرائیلی دراندازی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے، شام کی خود مختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اسرائیل کو پورے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے سے روکے۔