صنعا: (ویب ڈیسک) روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن میں حوثی تنظیم انصاراللہ سے وابستہ وزیراعظم احمد غالب اسرائیلی فضائی حملے میں تین ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے۔
سوشل میڈیا ذرائع کے مطابق یمن میں حوثی تنظیم سے وابستہ وزیراعظم احمد غالب اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوئے، بتایا گیا ہے کہ انہیں ان کے گھر دارالحکومت صنعا کے جنوبی علاقے حدّہ میں بمباری کے دوران نشانہ بنایا گیا۔
میڈیا کی اطلاعات کے مطابق احمد غالب کو پچھلے سال 10 اگست کو وزیراعظم مقرر کیا گیا تھا اور حوثیوں کی سپریم سیاسی کونسل کے رکن بھی تھے جبکہ وہ یمن کی مرکزی بینک کے گورنر بھی رہ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ بڑی تعداد میں سوشل میڈیا پر بھی ان کی شہادت کے حوالے سے خبریں آرہی ہیں مگر انصاراللہ کے ذرائع ابھی تک اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کر سکے۔
دوسری جانب، یمنی وزارت دفاع نے اپنے بیانات میں قیادت کو نشانہ بنانے کی بات کو قابلِ اعتبار قرار دیتے ہوئے عوام سے غزہ میں نسل کشی کے خلاف اور فلسطینی عوام کی بحالی کے لئے جذباتی حمایت جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے یمن پر حالیہ دنوں میں متعدد فضائی حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے اور ان کا دعویٰ ہے کہ ان اہداف میں حوثی عسکری اور انفراسٹرکچر شامل ہیں۔