امریکی ووٹرز کی بڑی تعداد اسرائیلی مظالم پر پھٹ پڑی، فلسطینیوں کا قتل عام نسلی کشی قرار دیدیا

Published On 29 August,2025 05:12 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکیوں کی بڑی تعداد اسرائیلی مظالم پر پھٹ پڑی اور فلسطینیوں کا قتل عام نسلی کشی قرار دیدیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی یونیورسٹی کے سروے میں امریکا کے نصف ووٹرز نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اسرائیل غزہ میں نسل کُشی کر رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سروے میں10 میں سے 6 امریکی ووٹرز نے اسرائیل کو مزید امریکی اسلحہ بھیجنے کی بھی مخالفت کی، امریکی ووٹرز کی جانب سے اسرائیل کو اسلحہ دینے کی مخالفت میں گزشتہ 2 سالوں میں اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ دنوں امریکیوں کی اکثریت نے فلسطینی ریاست کے حق میں بھی رائے دی تھی، اپسوس کے سروے میں 58 فیصد امریکیوں کا ماننا تھا کہ اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کو فلسطین کو ایک ریاست کے طور پر تسلیم کرنا چاہئے۔

سروے میں 33 فیصد نے اس سے اتفاق نہیں کیا جبکہ 9 فیصد نے کوئی رائے نہیں دی۔