غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فورسز کی غزہ میں جارحانہ کارروائیاں تھم نہ سکیں، صیہونی فوج کا شمالی غزہ شہر پر شدید حملہ، درجنوں فلسطینی خاندان متاثر ہوئے۔
صیہونی افواج کی کارروائیوں میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 68 فلسطینی شہید، 362 زخمی ہوئے۔
جبری انخلاء کی دھمکیوں کے بعد اسرائیل نے بے گھر فلسطینیوں کی رہائش گاہوں پر حملہ کیا، اسرائیلی حملوں میں 21 امداد کے متلاشی افراد بھی نشانہ بنے۔
وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں روزانہ 28 فلسطینی بچے شہید ہونے لگے، غزہ میں شہداء میں 30 فیصد تعداد بچوں کی ہے۔
مقبوضہ مغربی کنارہ میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہری کو گولی مار کر شہید کر دیا، فلسطین میں ظلم جاری ہے، مغربی کنارے میں بھی جانیں غیر محفوظ ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق شہدا کی مجموعی تعداد 64 ہزار 368 ہوگئی، 1 لاکھ 62 ہزار 367 فلسطینی زخمی ہوئے، غزہ میں انسانی بحران شدید، بے گھر اور زخمی افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اقوام متحدہ اور عالمی ادارے غزہ میں بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں، اقوام متحدہ کے مطابق بچوں کی ہلاکتیں انسانی المیہ ہیں، عالمی برادری کی خاموشی پر سوالیہ نشان ہے۔