قطر نے ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس طلب کرلیا

Published On 11 September,2025 05:45 pm

دوحہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی حملے کے بعد قطر نے ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس طلب کرلیا۔

عرب میڈیا کے مطابق دوحہ اتوار اور پیر کو ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا، قطر کی طرف سے دوحہ میں حماس کے رہنماؤں پر اسرائیل کے حملے پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے یہ ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس بلایا گیا ہے۔

دوسری جانب دوحہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قطری وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی نے کہا کہ قطر ایک انتہائی خطرناک اسرائیلی حملے کا شکار ہوا، جسے صرف ریاستی دہشت گردی ہی کہا جا سکتا ہے، قطر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کسی بھی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا اور اپنی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے سختی سے نمٹے گا۔

اسی طرح اسرائیلی حملے کے بعد امیرِ قطر نے امریکی صدر ٹرمپ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ ٹرمپ نے قطر کے ساتھ امریکی یکجہتی کا اعادہ کیا اور قطر کی خودمختاری پر حملے کی شدید مذمت کی، جس پر امیر نے امریکی صدر کو پیغام دیا کہ قطر اس حملے کو اسرائیل کی لاپرواہی پر مبنی ایک مجرمانہ کارروائی سمجھتا ہے اور ان کا ملک اپنی سلامتی کے تحفظ اور اس کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔