پاکستان کا قطر پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

Published On 10 September,2025 08:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے قطر پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ قطر کی برادر ریاست پر اسرائیل کی بلا اشتعال اور غیر قانونی جارحیت کے پیشِ نظر پاکستان نے الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست دی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ معاملہ نہایت سنگین نوعیت کا ہے اور سلامتی کونسل کو فوری طور پر اس پر غور کرنا چاہیے، پاکستان قطر کی حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل اظہار یک جہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

قبل ازیں گزشتہ روز اسرائیلی حملے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے اس اقدام کی مذمت کی تھی اور امیر قطر سے فون پر رابطہ کرکے مکمل یک جہتی کا اظہار کیا تھا۔