ادیبہ ملک برطانیہ میں لارڈ لیفٹیننٹ نامزد کی جانیوالی پہلی مسلم ایشیائی و پاکستانی خاتون بن گئیں

Published On 22 September,2025 07:44 pm

لندن: (حسیب ارسلان) ادیبہ ملک برطانیہ میں لارڈ لیفٹیننٹ نامزد کی جانیوالی پہلی مسلم ایشیائی و پاکستانی خاتون بن گئیں۔

برطانیہ کے بادشاہ نے پروفیسر ادیبہ ملک (CBE, DL) کو ویسٹ یارکشائر کا لارڈ لیفٹیننٹ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے، وہ اپنے پیش رو ایڈ اینڈرسن (CBE) کی جگہ سنبھالیں گی جو 22 دسمبر 2025 کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔

اس طرح ادیبہ ملک برطانیہ کی تاریخ میں پہلی خاتون بن گئی ہیں جو ایشیائی، مسلمان اور پاکستانی پس منظر سے تعلق رکھتی ہیں اور اس اہم منصب پر فائز ہوئیں، ادیبہ ملک برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں پیدا ہوئیں، ان کے والدین کا تعلق پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی مرکز لاہور سے تھا۔

ادیبہ ملک جن کی عمر 58 برس ہے، وہ گزشتہ 35سال سے بریڈفورڈ میں ایشیائی و پاکستانی باشندوں کی فلاح کے لئے کام کرنے والی تنظیم QED کی ڈپٹی چیف ایگزیکٹو ہیں جس کے بانی و چیف ایگزیکٹو معروف پاکستانی ڈاکٹر محمد علی او بی ای ہیں۔

ادیبہ ملک عوامی اور رضاکارانہ شعبوں میں 35 سال سے زائد کا تجربہ رکھتی ہیں، انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور اُستاد کیا اور 1992 میں QED فاؤنڈیشن میں شامل ہوئیں، جہاں وہ اس وقت ڈپٹی چیف ایگزیکٹو کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

وہ ویسٹ یارکشائر کی سابقہ ہائی شیرف رہ چکی ہیں اور مقامی، علاقائی اور قومی سطح پر کئی وزارتی اور غیر وزارتی عہدوں پر فائز رہیں۔

ان کے موجودہ عوامی خدماتی عہدوں میں ہاؤس آف لارڈز اپائنٹمنٹس کمیشن کی آزاد رکن ہونا، کمیونٹی اور رضاکارانہ خدمات کے اعزازات کمیٹی (کابینہ آفس) کی رکن ہونا، ہوم آفس اسٹریٹجک ریس ایڈوائزری بورڈ کی ماہر مشیر ہونا اور یارک سینٹ جان یونیورسٹی میں وزیٹنگ پروفیسر ہونا شامل ہے۔

سبکدوش ہونے والے لارڈ لیفٹیننٹ ایڈ اینڈرسن نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ ادیبہ ملک میری جگہ لیں گی، انہوں نے ویسٹ یارکشائر کی ہائی شیرف کے طور پر اپنی مدت کے دوران شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جو انہیں ایک بہترین لارڈ لیفٹیننٹ بننے کے قابل بنائے گا۔

ویسٹ یارکشائر کے چیف کانسٹیبل جان رابرنس (QPM DL) نے کہا کہ ادیبہ نے ہائی شیرف کے طور پر اپنے دور میں ایمرجنسی سروسز کے ساتھ قریبی تعاون کیا اور وہ اس نئے منصب پر بھی بہترین کارکردگی دکھائیں گی۔

بریڈفورڈ کے بشپ، رائٹ ریورنڈ ٹوبی ہوورٹ نے کہا ادیبہ میں وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جن سے وہ ویسٹ یارکشائر کی تمام برادریوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنا سکیں گی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دے سکیں گی۔

کیو ای ڈی کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر محمد علی او بی ای نے اپنے ادارے کی ڈپٹی چیف کو ملنے والے اس نئے اعزاز پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادیبہ ملک کا اعزاز نہ صرف ہمارے ادارے کے لئے بلکہ ساری کمیونٹی کے لیے باعث فخر ہے۔

ڈاکٹر علی کا کہنا تھا کہ ادیبہ ملک ہماری کمیونٹی کا عظیم سرمایہ ہے اوروہ توقع رکھتے ہیں کہ ادیبہ کی کامیابیوں کا سفر جاری رہے گا۔