سعودیہ کی دنیا کے تمام ممالک سے فلسطین کو تسلیم کرنے کی اپیل

Published On 24 September,2025 05:40 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے دنیا کے تمام ممالک سے فلسطین کو تسلیم کرنے کی اپیل کر دی۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے فرانس، بیلجیم، لکسمبرگ، مالٹا، موناکو، اینڈورا اور سان مارینو کی جانب سے فلسطینی ریاست کے باضابطہ اعتراف کا خیرمقدم کیا ہے، یہ اعلان ریاض اور پیرس کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہونے والے اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس کے دوران کیا گیا، جس کا مقصد مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور دو ریاستی فارمولے پر عمل درآمد کو آگے بڑھانا تھا۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے ایک بار پھر تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ فلسطین کو تسلیم کریں، فلسطینی اتھارٹی کے لئے عملی اقدامات کریں اور دو ریاستی حل کو مستحکم بنائیں تاکہ فلسطینی عوام کی طویل جدوجہد اور مشکلات کا خاتمہ ہو، ان کے ناقابل تنسیخ حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور خطے کے تمام ممالک پائیدار امن و سلامتی کے ماحول میں زندگی گزار سکیں۔

ریاض نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی سطح پر فلسطین کو تسلیم کئے جانے والے فیصلے اس حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں کہ فلسطینی عوام کو اپنی سر زمین پر آزاد ریاست قائم کرنے اور پرامن زندگی گزارنے کا فطری اور ناقابل انکار حق حاصل ہے تاکہ وہ استحکام اور خوشحالی کی اپنی امیدوں کو پورا کر سکیں۔

گزشتہ روز سعودی عرب اور فرانس نے کانفرنس کے اختتامی اعلامیے میں رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ نیویارک اعلامیے پر جلد اور ناقابل واپسی عملی اقدامات کے ذریعے عمل درآمد کریں، اعلامیے میں ان ممالک کی جانب سے کیے گئے وعدوں اور عملی اقدامات کا بھی خیرمقدم کیا گیا جو اقوام متحدہ کے رکن ممالک نے خود سے اختیار کئے۔

سعودی عرب اور فرانس نے بطور میزبان ممالک نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں اس عالمی اجتماع کو ’’مشرق وسطیٰ میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے فیصلہ کن تاریخی لمحہ‘‘ قرار دیا۔