نیویارک: (دنیا نیوز) شام کے عبوری صدر احمد الشرع نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی وقت کی ضرورت ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شام کے عبوری صدر احمد الشرع نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں اپنے ملک پر عائد پابندیوں کو اُٹھانے کا بھی مطالبہ کردیا، شامی صدر نے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت بھی کی۔
احمد الشرع نے مزید کہا کہ اسرائیل نے حالیہ دنوں میں شام پر بھی متعدد حملے کئے جس کی مذمت کرتے ہیں، تاہم انہوں نے ساتھ ہی اس بات پر بھی زور دیا کہ شامی حکومت مذاکرات کے لئے پرعزم ہے اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔
شام کے عبوری صدر نے یقین دلایا کہ ملک میں فرقہ ورانہ جنگ کی جگہ نہیں ہے، انصاف و مساوات کے قیام کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، انہوں نے سابق حکومت کے دور میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، بشمول کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ناانصافی، محرومی اور ظلم برداشت کیا، پھر ہم اپنی عزت اور وقار کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
شام کے عبوری صدر نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشنز کو ملک میں آنے کی اجازت بھی دے دی تاکہ شفافیت قائم کی جا سکے، انہوں نے شام پر عائد تمام پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوامی مشکلات میں اضافے کا باعث ہیں۔