عالمی رہنما جنگیں روکنے میں ناکام، جارحیت کے مقابلہ کیلئے مضبوط اتحاد ناگزیر ہے: زیلنسکی

Published On 25 September,2025 07:36 am

نیویارک: (دنیا نیوز) یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے عالمی رہنماؤں اور اداروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ جنگیں روکنے میں ناکام ہیں اور جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے مضبوط اتحاد اور شراکتیں تشکیل دینا ہوں گی۔

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن ممالک سے کہا ہے کہ وہ یوکرین کے ساتھ سلامتی کے اتحاد میں شامل ہوں اور روس پر دباؤ بڑھائیں جو ان کے ملک پر حملہ آور ہے۔

زیلنسکی کا کہنا تھاکہ بین الاقوامی قانون طاقتور دوستوں کی حمایت اور مضبوط عسکری صلاحیت کے بغیر کارآمد نہیں ہوتا، جن کے پاس ہتھیار ہیں وہی فیصلہ کرتے ہیں کہ کون باقی رہے گا، یہ ایک ہولناک مگر ناقابل تردید حقیقت ہے۔

یوکرینی صدر نے کہا کہ یوکرین کے لوگ پرامن ہیں لیکن وہ اپنے آزاد ملک میں آزادی سے جینا چاہتے ہیں اسی لئے ان کا ملک دفاع پر سرمایہ کاری کر رہا ہے اور بہت سے ممالک کے لیے اپنی بقا کی خاطر اس کے سوا کوئی اور راستہ نہیں۔