تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ امریکی صدر سے فلسطینی ریاست پر اتفاق نہیں کیا ہے۔
امریکی صدر کی جانب سے غزہ جنگ بندی سے متعلق مجوزہ منصوبے کے اعلان کے چند گھنٹوں کے بعد اسرائیلی وزیراعظم کا بیان سامنے آیا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا ہےکہ امریکی صدر سے گفتگو میں فلسطینی ریاست پر اتفاق نہیں کیا ہے اور فلسطینی ریاست کی بات معاہدےمیں بھی نہیں لکھی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک بات واضح ہے ہم فلسطینی ریاست کی سختی سے مخالفت کریں گے جب کہ اسرائیلی فوج غزہ کے بیشتر حصوں میں موجود رہے گی۔
اس کے علاوہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے قطری دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی فضائی حملے پر قطر سے معافی مانگ لی ہے جس کا اعلان قطری وزارت خارجہ کی جانب سے کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے وائٹ ہاؤس پہنچے جہاں سے انہوں نے قطری وزیر اعظم کو فون کرکے حملے پر معافی مانگی۔
یاد رہے کہ امریکی صدر گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مجوزہ غزہ جنگ بندی منصوبے کا اعلان کیاتھا۔
مسلم ممالک نے غزہ جنگ بندی سے متعلق ٹرمپ کے مجوزہ منصوبےکی حمایت کی ہے، پاکستان، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ نے امریکی صدر کی غزہ جنگ بندی کی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے۔