ٹرمپ امن معاہدے پر دستخط کے بعد بھی غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری، 9 فلسطینی شہید

Published On 14 October,2025 06:36 pm

غزہ: (دنیا نیوز) ٹرمپ امن معاہدے پر دستخط کے بعد بھی غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری، اسرائیلی حملوں میں غزہ کے مختلف علاقوں میں مزید 9 فلسطینی شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ شہر کے شجاعیہ علاقے میں اسرائیلی فورسز نے 5 فلسطینیوں کو شہید کر دیا، جنوبی غزہ کے خان یونس میں اسرائیلی ڈرون حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

غزہ حکام کے مطابق غزہ کی پٹی میں تباہ حال عمارتوں کا ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے، ملبے تلے سے مزید 250 فلسطینی شہدا کی لاشیں نکال لی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہیوی مشینری کی کمی اور بارودی مواد کی وجہ سے کام شدید سست روی کا شکار ہے۔

دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی قید سے رہا ہونے والے فلسطینیوں نے تشدد اور ذلت کی کہانیاں سنائیں، ایک سابق قیدی نے اوفر جیل کو ’’ذبح خانہ‘‘ قرار دیا۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ریڈ کراس کو اسرائیل کی جانب سے 45 فلسطینی قیدیوں کی لاشیں وصول ہوئی، اسرائیل سے تقریباً 2 ہزار فلسطینی قیدی رہا ہوئے، 154 کو مصر بھیج دیا گیا۔

اسرائیل کے غزہ پر حملوں میں 67 ہزار 869 فلسطینی شہید، 1 لاکھ 70 ہزار 105 افراد زخمی ہوئے۔