حماس نے مزید 4 یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کردیں

Published On 15 October,2025 10:45 am

غزہ: (دنیا نیوز) فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے مزید 4 یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیلی حکام کے حوالے کر دیں۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کی نگرانی میں رات گئے اسرائیل کے حوالے کی گئیں، اس طرح غزہ امن معاہدے کے تحت جاری قیدیوں اور لاشوں کے تبادلے کے عمل میں ایک اور مرحلہ مکمل ہو گیا۔

اس سے قبل بھی حماس نے معاہدے کے تحت 4 یرغمالیوں کی لاشیں اور 20 قیدیوں کو اسرائیلی حکام کے حوالے کیا تھا، معاہدے کا مقصد انسانی بنیادوں پر قیدیوں کی رہائی اور انسانی جانوں کے ضیاع میں کمی لانا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ امن معاہدے کے دوسرے مرحلے کا بھی اعلان کردیا، انہوں نے تصدیق کی کہ حماس کی قید سے تمام 20 یرغمالی بخیریت واپس پہنچ چکے ہیں تاہم یہ عمل ابھی مکمل نہیں ہوا اور مزید اقدامات باقی ہیں۔

اُدھر غزہ میں اسرائیلی بمباری سے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے فلسطینی شہریوں کی لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 44 شہدا کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔