اسرائیل کو غزہ پر دوبارہ حملے کرنے سے روک دیا: ڈونلڈ ٹرمپ

Published On 20 October,2025 10:31 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ پر دوبارہ حملے کرنے سے روک دیا۔

آسٹریلوی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ غزہ جنگ بندی قائم رکھنے کیلئے متعدد اقدامات کر رہے ہیں، حماس کا مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔

امریکی صدر نے کہا کہ چین سے تجارتی معاہدہ نہ ہوا تو یکم نومبر سے 155 فیصد ٹیرف عائد ہوگا، چین نے امریکا کے ساتھ احترام کا رویہ اپنایا ہے، جنوبی کوریا میں صدر شی جن پنگ سے ملاقات متوقع ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ شی جن پنگ کے ساتھ منصفانہ معاہدے کی امید ہے، چین سے تجارتی معاہدے کے امکانات کا جائزہ لیں گے، چین کے ساتھ مضبوط تجارتی معاہدہ متوقع ہے۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ توقع ہے صدر شی سے تائیوان پر بھی بات ہو گی، آسٹریلیا کے لیے نیوکلیئر آبدوزوں کی فراہمی میں تیزی لائیں گے، یوکرین کی جنگ ختم ہونے کی امید ہے، یوکرین اب بھی جیت سکتا ہے لیکن شاید نہ جیتے، یوکرین کی جنگ میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔