سانائے تاکائچی جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب

Published On 21 October,2025 10:05 am

تائیوان: (دنیا نیوز) سانائے تاکائچی جاپان کی نئی وزیراعظم منتخب ہو گئیں، تاکائچی پہلی خاتون ہیں جو جاپان کی وزیراعظم بنی ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سانائے تاکائچی کو 465 ارکان پارلیمنٹ میں سے 237 نے ووٹ دیا، تاکائچی کو وزیراعظم منتخب ہونے کے لیے 465 میں سے 233 ارکان کی حمایت چاہیے تھی۔

سانائے تاکائچی ایک سابقہ ٹی وی اینکر ہیں اور ماضی میں ایک میوزک بینڈ میں ڈرمز بجاتی تھیں، انہوں نے سنہ 1993 میں جاپانی سیاست میں قدم رکھا اور بطور آزاد اُمیدوار ایوانِ زیریں کی نشست جیتی۔

انہوں نے 1992 میں اپنے پہلے پارلیمانی الیکشن میں آزاد حیثیت سے حصہ لیا مگر کامیاب نہ ہو سکیں مگر وہ پرعزم رہیں، ایک سال بعد آزادانہ حیثیت میں رکن اسمبلی منتخب ہو کر انہوں نے سنہ 1996 میں ایل ڈی پی میں شمولیت اختیار کر لی، اس کے بعد سے وہ 10 بار رکن اسمبلی منتخب ہوئی ہیں۔

انتخابی سیاست میں انہیں صرف ایک بار شکست ہوئی اور پارٹی کی متحرک قدامت پسند آوازوں میں سے ایک کے طور پر شہرت حاصل کی، وہ اعلیٰ حکومتی عہدوں پر بھی فائز رہ چکی ہیں جن میں وزیر برائے اقتصادی تحفظ، تجارت و صنعت، داخلہ اور مواصلات شامل ہیں۔

سنہ 2021 میں سانائے تکائچی نے پہلی بار ایل پی ڈی کی قیادت کی دوڑ میں حصہ لیا لیکن وہ سابق وزیراعظم فومیو کشیدا سے جیت نہ سکیں، وہ سنہ 2024 میں دوبارہ دوڑ میں شامل ہوئیں اور اس بار ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں وہ سرفہرست رہیں مگر بالآخر جاپان کے وزیراعظم بننے والے شیگیرو ایشیبا سے ہار گئیں۔

رواں برس اپنی تیسری کوشش میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی ہے، پارلیمنٹ نے ان کی تقرری کی توثیق کر دی یوں ان کی جاپان کی پہلی خاتون وزیر اعظم بننے کی راہ ہموار ہوئی۔