جاپانی وزیراعظم کا اکثریت کھونے کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان

Published On 07 September,2025 02:14 pm

ٹوکیو: (دنیا نیوز) جاپان کے وزیر اعظم شیگیرو اشیبا نے حکمران جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کو تقسیم ہونے سے بچانے کے لیے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق وزیراعظم شیگیرو اشیبا نے عہدہ چھوڑنے کا اعلان پریس کانفرنس کے ذریعے کیا۔

انہوں نے پارٹی کے اندرونی دباؤ اور قیادت کے بحران کے باعث اقتدار چھوڑنے کا اعلان کیا، وہ آئندہ پریس کانفرنس میں اپنے استعفے کی وجوہات پر باضابطہ بیان دیں گے۔

ان کے مستعفی ہونے کے بعد حکمران جماعت کے نئے لیڈر کے انتخاب کے لیے دوڑ شروع ہوگی، جس میں شینجرو کوئزوومی اور سانائے تاکائیچی جیسے رہنماؤں کے نام نمایاں سمجھے جا رہے ہیں۔

جاپانی وزیراعظم کے استعفیٰ کا فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب کچھ ہفتے قبل انہوں نے ان رپورٹس کی تردید کی تھی کہ وہ جولائی میں ہونے والے انتخابات میں ایل ڈی پی کی تاریخی ناکامی کے بعد عہدہ چھوڑنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

اس وقت جاپانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ امریکا کے ساتھ ٹیرف معاہدے کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے اکتوبر 2024 میں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا تھا، مگر اکتوبر میں ہی انتخابی ناکامی کے بعد ان کی جماعت کو پارلیمان کے ایوان زیریں میں اکثریت سے محروم ہونا پڑا تھا، اس ناکامی نے شیگیرو اشیبا کے لیے پالیسیوں کا نفاذ مشکل بنا دیا تھا۔

جاپان میں سیاسی عدم استحکام بڑھنے کے بعد وزیراعطم کی اپنی جماعت کے اندر موجود دائیں بازو کے حریفوں نے ان سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ان کے حریفوں کا کہنا تھا کہ شیگیرو اشیبا کو جولائی میں انتخابات میں ہونے والی ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عہدہ چھوڑ دینا چاہئے، جاپان کے وزیر زراعت نے 6 کی شب شیگیرو اشیبا سے ملاقات کرکے زور دیا کہ وہ مستعفی ہو جائیں۔