بھارت اور چین کے درمیان پانچ سال بعد براہ راست پروازیں بحال

Published On 27 October,2025 11:48 am

نئی دہلی، بیجنگ: (ویب ڈیسک) بھارت اور چین کے درمیان سال بعد براہ راست پروازیں بحال ہو گئیں، کولکتہ سے اڑان بھرنے والی انڈیگو کی پرواز 6E 1703 تقریباً 180 مسافروں کو لے کر جنوبی چین کے شہر گوانگزو پہنچ گئی۔

چین اور بھارت کے درمیان پروازیں 2020 کے اوائل میں کووِڈ وبا کے دوران معطل کی گئی تھیں، بعد میں ہمالیہ کے ایک متنازعہ سرحدی علاقے میں دونوں ملکوں کی افواج کے مابین تصادم کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد پروازیں دوبارہ بحال نہیں ہوئیں۔

بھارت اور چین کے درمیان تعلقات میں اب بتدریج بہتری آ رہی ہے اور گزشتہ سال دونوں ملکوں نے متنازعہ سرحد پر گشت کے حوالے سے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

رواں سال اگست کے مہینے میں انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے چین کا دورہ کیا تھا، یہ ان کا سات سال میں چین کا پہلا دورہ تھا، اسی مہینے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے بھی انڈیا کا دورہ کیا تھا۔

بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ پروازوں کی بحالی سے لوگوں کے درمیان رابطے میں آسانی ہوگی اور دو طرفہ تبادلوں کو بتدریج معمول پر لانے میں مدد ملے گی۔