مودی جی ہمت کریں، صدر ٹرمپ کو جواب دیں، راہول گاندھی بھارتی وزیراعظم پر برہم

Published On 31 October,2025 01:34 am

ممبئی: (دنیا نیوز) بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے کہا کہ مودی جی ہمت کریں اور صدر ٹرمپ کو جواب دیں۔

بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے مودی سرکار پر تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ ایک کے بعد ایک ملک میں مودی کی توہین کررہے ہیں، ٹرمپ نے کہا آپریشن سندور روکنے کیلئے تجارت نہ کرنے کی دھمکی دی۔

راہول گاندھی کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر نے یہ بھی کہا 7 طیارے گرائے گئے، مودی جی گھبرائیں نہیں، ہمت کرکے ٹرمپ کو جواب دیں۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے جنوبی کوریا میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت جوہری طاقتیں ہیں، نریندر مودی، پاکستانی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے رابطہ کرکے میں نے کہا 2 ایٹمی طاقتوں میں جنگ کی صورت میں اثرات ہر طرف پھیلتے ہیں، دونوں ملکوں سے کہا جنگ کی تو تجارت نہیں کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے دونوں ملکوں پر واضح کیا تھا کہ 250 فیصد ٹیرف لگاؤں گا، تجارت نہیں کر پاؤ گے، پاکستان اور بھارت نے کہا ہم جنگ روک رہے ہیں، دونوں ملکوں نے جنگ روک دی، لاکھوں جانیں بچائیں، 24 گھنٹے کے اندر یہ معاملہ ختم ہوگیا جو حیران کن تھا۔

امریکی صدر نے کہا تھا کہ میں نے 8 ماہ میں آٹھ جنگیں رکوائیں، ملائیشیا میں بھی دو ملکوں کے درمیان جنگ بندی معاہدہ کرایا، امریکا کو کاروبار کے لیے دنیا کا سب سے عظیم ملک بنا رہے ہیں۔