روس وادی اردن پر اسرائیلی قبضے سے متعلق بل حتمی طور پر منظور نہ ہونے کیلئے پرامید

Published On 01 November,2025 04:15 am

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی کنیسٹ کے وادی اردن کے مغربی کنارے پر اپنی خود مختاری کے متعلق منظور کئے گئے بل حتمی طور پر منظور نہیں کئے جائیں گے، بصورت دیگر مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے نئے سلسلے سے بچنا نا ممکن ہو جائے گا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ بات وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے پریس بریفنگ کے دوران کہی، انہوں نے یاد دلایا کہ 22 اکتوبر کو اسرائیلی کنیسٹ نے ابتدائی منظوری میں دو بل پاس کئے تھے جن کا مقصد مغربی کنارے کے علاقوں پر اسرائیلی خودمختاری کو بڑھانا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ بل حتمی منظوری تک نہیں پہنچیں گے کیونکہ اگر ایسا ہوا تو مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور مجموعی طور پر مشرقِ وسطیٰ میں خطرناک کشیدگی کے نئے سلسلے سے بچنا ناممکن ہوگا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی نئی کشیدگی کی صورت میں بین الاقوامی امن کوششیں جو بڑی مشکل سے آگے بڑھ رہی ہیں اور ان کا مقصد تنازعے کو کم کرنا ہے، انہوں نے زور دیا کہ فلسطینی مسئلے کا حل صرف سیاسی و سفارتی ذرائع سے ممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج سب سے بڑا ہدف یہ ہونا چاہئے کہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جائے اور فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان تمام حتمی حیثیت کے معاملات پر براہِ راست مذاکرات کے لئے سازگار حالات پیدا کیے جائیں جن کا منطقی نتیجہ ایک آزاد اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی جانب پیش رفت ہونا چاہئے جو اسرائیل کے ساتھ امن اور ہم آہنگی کے ساتھ بقائے باہمی کے اصول پر قائم ہو۔