روس اور انڈونیشیا کا مشترکہ بحری مشقیں کرنے کا اعلان

Published On 29 October,2025 04:34 am

جکارتہ: (ویب ڈیسک) روس اور انڈونیشیا نے روس کے ساحل کے قریب مشترکہ بحری مشقیں کرنے کا اعلان کر دیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا میں روس کے سفیر سرگئی ٹولچینوف نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک آئندہ سال ہونے والی ’’اورودا‘‘ نامی روس انڈونیشیا بحری مشقوں کی تیاری کر رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ پہلی مشترکہ مشقیں 2024 میں منعقد ہوئیں اور اس موقع پر طے پایا تھا کہ یہ مشقیں ہر دو سال بعد منعقد کی جائیں گی۔

روسی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ 2026 میں ہونے والی مشقیں روسی فیڈریشن کے اردگرد سمندری حدود میں ہونے کا امکان ہے، انہوں نے کہا کہ رواں سال کے اختتام تک روس اور انڈونیشیا کے بحری افسران کے درمیان ان مشقوں کی تیاری سے متعلق ابتدائی مشاورت متوقع ہے۔

سرگئی ٹولچینوف نے انٹروی میں کہا کہ وہ مستقبل کے حوالے سے پُرامید ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ مشقیں آئندہ سال ضرور منعقد ہوں گی، جو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کا باعث بنیں گی۔