انڈونیشیا: سکول کی عمارت زمین بوس، 3 بچے جاں بحق، 65 ملبے تلے دب گئے

Published On 30 September,2025 02:47 pm

جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا کے مشرقی جاوا کے شہر سیدوارجو میں ایک اسلامی بورڈنگ سکول کی عمارت گرنے سے 3 طالب علم جاں بحق، 99 طلبا زخمی ہوئے اور تقریباً 65 طلباء ملبے تلے دب گئے ہیں۔

برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ال خوزینی اسلامی بورڈنگ سکول کی عمارت اچانک گر گئی، اس وقت طالب علم نماز ادا کر رہے تھے۔

ریسکیو ٹیمیں تاحال ملبے تلے دبے افراد تک آکسیجن اور پانی پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، پولیس، فوجی اہلکاروں اور امدادی کارکن ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کے لیے کھدائی کر رہے ہیں، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سکول کے احاطے میں قائم کمانڈ پوسٹ میں ایک نوٹس بورڈ پر 65 لاپتہ طلباء کے نام درج کیے گئے ہیں جو ملبے تلے دبے تصور کیے جا رہے ہیں، یہ طلبا زیادہ تر ساتویں سے گیارہویں جماعت کے 12 سے 17 سال کے بتائے گئے ہیں۔

ریسکیو ٹیم کے سربراہ ناننگ سیگِت نے بتایا ہے کہ ملبہ ہٹانے میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ کنکریٹ کی بھاری سلیبیں اور عمارت کے غیر مستحکم حصے امدادی کاموں میں رکاوٹ بن رہے ہیں، اگرچہ بھاری مشینری دستیاب ہے، لیکن اسے استعمال نہیں کیا جا رہا کیونکہ اس سے مزید خطرہ بڑھ سکتا ہے۔