جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا کے وسطی صوبے سولاویسی میں 6.0 شدت کے زلزلے کے باعث درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے بتایا ہے کہ یہ زلزلہ 10 کلومیٹر گہرائی میں آیا اور پوزو ریجنسی کو ہلا گیا جبکہ قریبی علاقوں میں بھی اس کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ایجنسی کے مطابق 29 افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے، فوری طور پر کسی ہلاکت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ملکی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق ایک چرچ کو نقصان پہنچا جبکہ دوسرے چرچ کا زیرِ تعمیر حصہ منہدم ہو گیا، جس کے ملبے تلے کئی افراد دب گئے، پوسو کے ایک چرچ میں عبادت کے دوران اچانک زمین لرزنے لگی، لوگ گھبرا کر چیختے ہوئے باہر کی طرف دوڑ پڑے۔
انڈونیشیا پیسفک رنگ آف فائر پر واقع ہے، جو ایک انتہائی زلزلہ خیز خطہ ہے جہاں زمین کی مختلف پلیٹیں ملتی ہیں اور بڑی تعداد میں زلزلے آتے ہیں۔