استنبول: (دنیا نیوز) ترکیہ میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا جس کے باعث مقامی لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترک ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ مغربی علاقوں میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا ہے جبکہ مقامی میڈیا نے بتایا کہ ترکیہ کے متعدد صوبوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔
ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ ترکیہ کے سب سے بڑے شہر استنبول کے قریبی صوبے بالکیسر کے ضلع سندرگی میں زلزلہ آیا لیکن متاثرہ صوبے میں فوری طور پر کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی رپورٹ نہیں ہے۔
ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ایمرجنسی ٹیمیں استنبول اور ہمسایہ صوبوں کا جائزہ لے رہی ہیں اور اب تک کسی قسم کی منفی رپورٹ نہیں آئی ہے، انہوں نے بتایا کہ ایک عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 11 کلومیٹر (6.8 میل) تھی جبکہ جرمن ریسرچ سینٹر فار جیوسائنسز نے زلزلے کی شدت 6.19 اور گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی ہے۔