انڈونیشیا میں سیلاب نے دو جزیروں پر تباہی مچادی، 19 افراد ہلاک

Published On 11 September,2025 08:51 pm

جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں سیلاب نے دو جزائر میں تباہی مچا دی جس میں سیاحتی مقام بالی بھی شامل ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے قومی آفات سے نمٹنے والے ادارے کے ترجمان عبد الموہاری نے بتایا کہ مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث بالی کے 7 اضلاع ڈوب گئے اور لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بالی میں 14 جب کہ فلورز جزیرے میں 5 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ درجنوں افراد لاپتا ہیں، جن کی تلاش کا کام جاری ہے تاہم ان کے زندہ ملنے کی امیدیں معدوم ہوگئیں۔

امدادی کاموں کے دوران اب تک 500 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، سکولوں، دیہات کے ہالز اور مساجد کو عارضی پناہ گاہوں میں بدل دیا گیا۔

ترجمان عبدالموہاری نے مزید کہا کہ ریسکیو ٹیمیں تاحال ہنگامی اقدامات میں مصروف ہیں، لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ جمعے سے پیر تک دوبارہ بارشوں کا امکان ہے، شہری ساحلی علاقوں کا رخ نہ کریں اور بلاضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔