کینٹکی: (دنیا نیوز) امریکی ریاست کینٹکی میں ایئرپورٹ کے قریب کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق کارگو طیارہ لوئی ول ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے بعد گر کر تباہ ہوا، حادثے کا شکار طیارہ امریکی شہر ہونولولو کے ڈینیئل کےانوئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب جا رہا تھا، حادثے کے بعد متعدد عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی۔
لوئی ول کے میئر کے مطابق حادثے کے وقت کارگو طیارے میں 2 لاکھ 80 ہزار گیلن ایندھن موجود تھا، واقعے کی وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ گرنے کے بعد بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی جس کا دھواں دور دور تک اٹھتا دکھائی دیا۔
حادثے کے بعد ایئرپورٹ سے تمام آنے اور جانے والی پروازیں معطل کر دی گئیں، حادثے کے مقام پر آگ بجھانے اور ریسکیو کا کام جاری ہے، ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی تاہم امریکی نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ نے واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔



