بیونس آئرس: (ویب ڈیسک) بولیویا کی سپریم کورٹ نے سابق عبوری صدر جینین اینیز کی 10 سال قید کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔
بولیویا کی سابق عبوری صدر جینین اینیز کو یہ سزا سابق بائیں بازو کے صدر ایوو مورالیس کی حکومت گرانے کی مبینہ سازش کے الزام میں سنائی گئی تھی۔
سپریم کورٹ کے جج رومر ساؤسیڈو نے کہا کہ اینیز چار سال سے زائد عرصے سے قید میں ہیں، ان کے مقدمے میں قانونی کارروائی کے دوران طریقہ کار کی خلاف ورزیاں ہوئیں، جس کی بنیاد پر ان کی سزا منسوخ کر دی گئی، انہیں 10 سال قید کی حتمی سزا سنائی گئی تھی، لہٰذا آج ان کی رہائی کا حکم دیا جاتا ہے۔
اینیز ایک قدامت پسند سینیٹر تھیں، انہوں نے 2019 میں اس وقت عبوری صدر کا عہدہ سنبھالا تھا جب مورالیس نے اپنے چوتھے صدارتی دور کے متنازعہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہروں کے بعد ملک چھوڑ دیا تھا۔
مورالیس بولیویا کے پہلے مقامی نسل سے تعلق رکھنے والے صدر تھے، انہوں نے اس وقت دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف فوجی بغاوت کی گئی ہے، فوج نے انہیں عوامی احتجاج کے بعد مستعفی ہونے کا مشورہ دیا تھا، اینیز کی حکومت کے دوران پرتشدد مظاہروں پر کریک ڈاؤن کیا گیا، جس میں کم از کم 35 افراد ہلاک اور 833 زخمی ہوئے، جیسا کہ انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے رپورٹ کیا ہے۔
جینین اینیز کو 2021 میں گرفتار کیا گیا تھا، جب مورالیس کی جماعت موومنٹ فار سوشلسٹدوبارہ اقتدار میں آئی، انہیں 2022 میں صدارت غیر قانونی طور پر سنبھالنے کے الزام میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔
جج ساؤسیڈو نے کہا کہ اینیز کا مقدمہ عام فوجداری عدالت میں نہیں بلکہ قانون سازوں کے سرکاری فرائض کے دوران کیے گئے جرائم کی سماعت کے لیے مخصوص خصوصی عدالت میں چلایا جانا چاہئے تھا۔
اینیز نے عدالت کے فیصلے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے اپنے ریکارڈ کا دفاع کرتے ہوئے لکھا کہ میں کبھی پچھتاؤں گی نہیں کہ میں نے اپنے ملک کی خدمت کی جب اسے میری ضرورت تھی، میں نے یہ کام صاف ضمیر اور مضبوط دل کے ساتھ کیا، یہ جانتے ہوئے کہ مشکل فیصلوں کی ایک قیمت ہوتی ہے۔
سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ چند ہفتے بعد آیا ہے جب بولیویا کے عوام نے سینٹر رائٹ کرسچین ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار روڈریگو پاز کو اپنا نیا صدر منتخب کیا، جس سے سوشلسٹ پارٹی کے تقریباً 20 سالہ دورِ حکومت کا خاتمہ ہو گیا۔



