ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان میں جنگلی ریچھوں کے شہریوں پر مسلسل بڑھتے حملوں کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں فوج کو طلب کر لیا گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شمالی جاپان میں رواں سال اپریل کے مہینے سے اب تک ریچھ کے 100 سے زائد حملوں کے واقعات ریکارڈ کیے گئے جن میں درجنوں افراد موت کے منہ میں چلے گئے، زیادہ تر حملے سکولز، ریلوے سٹیشنز اور راشن کی دکانوں کے ارد گرد ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریچھ کی آبادی پر قابو پانے کی کوششوں میں تیزی لانے کیلئے مقامی افسران کو ریچھ کے شکار کیلئے تربیت دی جائے گی، شمالی جاپان کے اکیتا ریجن کے گورنر نے کہا ہے کہ علاقائی قانون نافذ کرنے والے ادارے اس حوالے سے مایوسی کا شکار ہیں کہ جنگلی ریچھوں کے تدارک کیلئے ان کے پاس بہتر وسائل موجود نہیں۔
ریچھ کے حملوں سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی حفاظت اور ریچھوں کو قابو کرنے کیلئے فوج کو جال پھیکنے والی بندوقوں اور مخصوص سپرے کے ساتھ تعینات کیا گیا ہے۔



