امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھارت کے ساتھ نئی تجارتی ڈیل کا اعلان

Published On 11 November,2025 06:15 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے ساتھ نئی تجارتی ڈیل کا اعلان کر دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ ڈیل ماضی سے مختلف ہو گی، ہم تجارتی ڈیل کے بہت قریب ہیں، بھارتی وزیراعظم مودی سے ہماری بہترین شراکت داری ہے، بھارت روس سے تیل کی خریداری مرحلہ وار ختم کر رہا ہے، ٹیرف میں کمی لاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اس وقت اُنہیں پسند نہیں کرتا تاہم وہ جلد ہی انہیں دوبارہ پسند کرنے لگے گا، سرجیو گور کو بھارت کے لئے امریکی سفیر تعینات کردیا، سرجیو گور نے بھارت کے لئے امریکی سفیر کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ شام کے صدر کے ترکیے کے صدر اردگان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، ہم اسرائیل کے ساتھ مل کر شام کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے پر کام کر رہے ہیں۔

شٹ ڈاؤن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ انہیں ڈیموکریٹس کی حمایت حاصل ہے، جلد شٹ ڈاؤن ختم ہوجائے گا۔