ایتھوپیا میں آتش فشاں پھٹ گیا، راکھ کے بادل شمالی پاکستان تک پہنچ گئے

Published On 24 November,2025 08:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایتھوپیا میں آتش فشاں پھٹ گیا، راکھ کے بادل مختلف ممالک تک پہنچ گئے۔

ادیس ابابا، ہیلی گبی آتش فشاں کی پھٹنے سے دھوئیں کے بادل 9 میل تک پھیل گئے، آتش فشاں کا دھواں ریڈ سی عبور کر کے یمن اور عمان تک پہنچ گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ کے بادل بھارت، شمالی پاکستان تک پہنچ گئے۔

آتش فشاں پھٹنے سے مویشی پالنے والے افراد کی معیشت متاثر ہونے کا خدشہ ہے، مقامی اہلکار کے مطابق آتش فشاں پھٹنے سے ابھی تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

خبر ایجنسی کے مطابق آتش فشاں کی سیاہ راکھ سے شمال مشرقی ایتھوپیا میں خوف اور تشویش پھیل گئی، متاثرہ علاقے سے رہائشیوں کی بڑی تعداد کو انخلاء کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔