اسرائیل کا لبنان کے دارالحکومت بیروت پر حملہ، حزب اللہ چیف آف سٹاف قتل

Published On 24 November,2025 10:30 am

بیروت: (دنیا نیوز) اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافات میں حملہ کر کے حزب اللہ کے چیف آف سٹاف هيثم طبطبائى کو قتل کر دیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے کہا کہ بن یامین نتن یاہو نے اس حملے کے احکامات جاری کیے، جس کا ہدف حزب اللہ کے چیف آف سٹاف تھے۔

ان کے دفتر سے جاری ایک مختصر بیان میں کہا گیا کہ کچھ دیر قبل بیروت کے قلب میں اسرائیلی دفاعی فورسز نے حزب اللہ کے چیف آف سٹاف پر حملہ کیا، جو تنظیم کی بحالی اور ہتھیار جمع کرنے کی قیادت کر رہے تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ نے تصدیق کی ہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسرائیلی فضائی حملے میں کمانڈر ہیثم علی طبطبائی اپنے 5 ساتھیوں کے ساتھ شہید ہوگئے ہیں۔

سنیئر حزب اللّٰہ رہنما محمد محمد قمتی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل نے حد عبور کی ہے اور جوابی کارروائی کے لیے غور و فکر کا عمل جاری ہے، یہ حملہ ایک نئی سرخ لکیر عبور کرتا ہے۔

لبنان کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں آج 28 شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔ 

حملہ بیروت کے جنوبی مضافات کی ایک مرکزی سڑک پر ہوا، جہاں مقامی لوگوں نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ دھماکے سے پہلے وہ طیاروں کی گرج سن سکتے تھے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے کابینہ کے اجلاس سے پہلے کہا کہ اسرائیل متعدد محاذوں پر دہشت گردی کے خلاف لڑائی جاری رکھے گا۔

نومبر میں اسرائیل نے جنوب لبنان میں فضائی حملوں کو تیز کر دیا، جو تقریباً روزانہ کی بنیاد پر جاری رہنے والی کارروائیوں کا حصہ ہیں، جس کا مقصد سرحدی علاقے میں حزب اللہ کی عسکری بحالی کو روکنا بتایا گیا۔

حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے اسرائیل کے نزدیک سرحدی علاقے میں اپنی عسکری موجودگی ختم کرنے اور لبنان کی فوج کی وہاں تعیناتی کے تقاضوں پر عمل کیا ہے۔

 ایک سینئر امریکی اہلکار نے کہا کہ اسرائیل نے حملے سے قبل امریکا کو اطلاع نہیں دی تھی، اہلکار نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کو حملے کے فورا بعد آگاہ کیا گیا، ایک دوسرے سینئر اہلکار نے کہا کہ واشنگٹن کو کئی دنوں سے معلوم تھا کہ اسرائیل لبنان میں حملوں کو بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

لبنان کے صدر جوزف عون نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی حملوں کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کرے۔

جوزف عون نے بیان میں کہا کہ لبنان دوبارہ عالمی برادری سے اپنے فرائض کا احساس کرنے اور لبنان اور اس کے عوام پر ہونے والے حملوں کو روکنے کے لیے سخت اور سنجیدہ اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔