قابض اسرائیل جنگ بندی معاہدہ ختم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، حماس

Published On 23 November,2025 01:17 am

غزہ: (دنیا نیوز) فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ قابض اسرائیل جنگ بندی معاہدے کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

عرب میڈیا سے گفتگو میں حماس کے اعلیٰ عہدیدار کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں پر اپنے غصے سے ثالثوں کو آگاہ کر دیا ہے، جنگ بندی معاہدے کو بچانے کیلئے ثالث فوری مداخلت کریں۔

حماس عہدیدار نے مزید کہا کہ معاہدے کی منظم خلاف ورزی سے سیکڑوں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اسرائیلی فوج معاہدے کے تحت واپسی کی طے کردہ حدود میں بھی تبدیلیاں کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی غزہ میں وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں، صیہونی افواج کے غزہ سٹی، دیرالبلاح، رفاہ اور نصیرات پر حالیہ حملوں میں شہادتوں کی تعداد 21 ہوگئی۔

عرب میڈیا کے مطابق حالیہ اسرائیلی حملوں میں سب سے زیادہ 16 شہادتیں غزہ سٹی میں ہوئیں، شہدا میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنگ بندی معاہدے کے بعد اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 339 ہو چکی ہے۔