ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے غزہ اور شام میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے غزہ اور خان یونس پر اسرائیلی حملے ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب شام کی سرحدی خودمختاری پر حملوں کی مذمت کرتا ہے، عالمی برادری اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکے، غزہ پر حملے فوری بند کروائے جائیں۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی اشتعال سے خطے کا امن خطرے میں ہے، 1974ء کے معاہدے پر عملدرآمد ضروری ہے، شامی سرحدی علاقوں کی خودمختاری کا احترام کیا جائے، عالمی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
خیال رہے کہ غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے 32 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں 12 بچے اور 8 خواتین شامل ہیں جبکہ 88 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جبکہ اکتوبر 2023ء سے اب تک مجموعی طور پر 69 ہزار سے 546 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
وزارتِ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ شہادتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جبکہ امدادی رسائی محدود ہے، خان یونس اور اطراف کے علاقوں میں تباہی، گھروں کو شدید نقصان، ملبے تلے درجنوں شہریوں کی تلاش کا عمل جاری ہے، غزہ میں زخمیوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 70 ہزار 833 تک پہنچ چکی ہے۔



