چینی صدر کا ٹرمپ سے رابطہ، تائیوان کے مسئلے پر مؤقف واضح کیا

Published On 24 November,2025 08:48 pm

بیجنگ :(دنیا نیوز) چین کے صدر شی جن پنگ کا امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون رابطہ ہوا ہے، جس میں مختلف اُمور پر گفتگو کی گئی۔

ریاستی خبر رساں ایجنسی ژن ہوا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے رابطے سے چین امریکا تعلقات میں مثبت پیشرفت ہورہی ہے، دونوں ممالک کو تعاون میں توسیع کرنی چاہیے، چینی صدر نے تائیوان کے مسئلے پر چین کا مؤقف واضح کیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق چینی صدر کا کہنا تھا کہ تائیوان کی چین کے پاس واپسی پوسٹ وار انٹرنیشنل آرڈر کا اہم حصہ ہے، چین اور امریکا کے تعلقات میں مثبت رفتار برقرار رہنی چاہیے، امریکی و چینی صدور نے یوکرین تنازع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اِسی طرح دوران گفتگو شی جن پنگ نے کہا کہ یوکرین تنازع کے فریقین اختلافات کم کریں، چین اور امریکا کو دوسری جنگ عظیم کی فتوحات کو مشترکہ طور پر محفوظ رکھنا چاہیے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ چین اور امریکا کو دوسری عالمی جنگ کے نتائج محفوظ رکھنے چاہئیں، یوکرین تنازع پر تمام فریق اختلافات کم کریں، چین اور امریکا کو تعاون کے نئے شعبے کھولنے چاہئیں، دوطرفہ تعلقات میں مزید ترقی کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔