ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کا آئل ٹینکر 90 ہزار ٹن خام تیل لے کر شام پہنچ گیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی طرف سے شامی عوام اور حکومت کی ضروریات پوری کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں سعودی عرب سے تیل کی کھیپ کے ساتھ ایک آئل ٹینکر شام پہنچ گیا ہے، اس آئل ٹینکر میں 90 ہزار ٹن خام تیل موجود ہے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی آئل ٹینکر 90,000 ٹن خام تیل لے کر بنیاس بندر گاہ پر پہنچا ہے، یہ خام تیل سعودی عرب کی طرف سے امداد کے طور پر بھیجا گیا ہے تاکہ شام کی مقامی ضروریات پوری ہو سکیں۔
شامی پٹرولیم کمپنی کے سربراہ نے اس حوالے سے بتایا کہ بندرگاہ کو سعودی تیل کی 650,000 بیرل کی پہلی کھیپ پیر کے روز موصول ہوئی تھی، اسی طرح 23 نومبر بروز اتوار 10 لاکھ بیرل کی دوسری کھیپ بھی شام پہنچ گئی۔
اس سے قبل ستمبر میں سعودی ترقیاتی فنڈ نے شام کے لیے 1.65 ملین بیرل خام تیل فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا، سعودی عرب اور دیگر علاقائی طاقتیں شام کے ساتھ اپنے تعلقات کی تجدید کرتے ہوئے ہر شعبے میں شام کی مدد کی کوشش میں ہیں تاکہ شامی تعمیر نو میں کردار ادا کر سکیں۔



