آسٹریلیا: 525 کلوگرام کوکین کی برآمدی کا کیس، 4 افراد پر سمگلنگ کا الزام عائد

Published On 25 November,2025 04:14 am

سڈنی: (ویب ڈیسک) مغربی آسٹریلیا کے ساحل کے قریب سطح سمندر پر تیرتے ہوئے 525 کلو گرام کوکین کی برآمدگی کے کیس میں 4 افراد پر منشیات سمگلنگ کے الزامات عائد کر دیئے گئے ہیں۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلین پولیس نے بتایا کہ 6 نومبر کو عوام نے ساحل سے تقریباً 30 کلومیٹر دور سمندر میں فلوٹیشن ڈرمز کے ساتھ بندھے بڑے پیکجز دیکھ کر حکام کو اطلاع دی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویسٹرن آسٹریلیا پولیس فورس اور آسٹریلین فیڈرل پولیس کے افسران موقع پر پہنچے اور ان پیکجز کو اپنی تحویل میں لیا، جن میں تقریباً 525 کلو گرام کوکین موجود تھی، جس کی مالیت 170 ملین آسٹریلین ڈالر سے زیادہ بتائی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ویسٹ آسٹریلیا جوائنٹ آرگنائزڈ کرائم ٹاسک فورس اس وقت ایک بین الاقوامی لائیو سٹاک شپ کی مشکوک سرگرمیوں کی پہلے سے ہی تحقیقات کر رہی تھی اور اسی دوران بحری جہاز سے 46 سالہ کروشین باشندے کو 7 نومبر کو بارڈر کنٹرولڈ ڈرگ کی کمرشل مقدار درآمد کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

جہاز کی مزید تلاشی کے دوران انکشاف ہوا کہ ریلنگز کو بغیر اجازت نامے کے ہٹایا اور دوبارہ نصب کیا گیا تھا اور مبینہ طور پر منشیات اتارنے کے دوران ایک سی سی ٹی وی کیمرے کو بھی کور کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق اس معاملے میں مزید تین افراد پرتھ سے تعلق رکھنے والا 52 سالہ شخص اور سڈنی کے 19 اور 36 سالہ افراد کو بھی سمندر سے کوکین کے پیکجز نکالنے کی مبینہ کوشش پر گرفتار کر کے الزامات عائد کر دیئے گئے ہیں۔