چینی نائب وزیراعظم کی امریکا کو تعاون مزید بڑھانے اور اختلافات کم کرنے کی تجویز

Published On 11 December,2025 04:05 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے نائب وزیر اعظم حہ لی فینگ نے امریکا کو تعاون مزید بڑھانے اور اختلافات کم کرنے کی تجویز دیدی۔

سی جی ٹی این کے مطابق کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی سنٹرل کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور نائب وزیر اعظم حہ لی فینگ نے بیجنگ میں امریکا کے کوہن گروپ کے سینئر مشیر جوزف ایلن سے ملاقات کی۔

حہ لی فینگ نے کہا کہ رواں سال کے آغاز سے چین اور امریکا کے دونوں رہنماؤں نے متعدد بار فون پر بات چیت کی ہے اور جنوبی کوریا میں کامیاب ملاقات بھی کی جس کے نتیجے میں اہم معاہدے طے پائے ہیں، فریقین کو دونوں ممالک کے رہنماؤں کی حکمت عملی کی رہنمائی میں صحیح سمت پر قائم رہتے ہوئے باہمی تعاون کے مثبت رجحان کو برقرار رکھتے ہوئے تعاون کو مزید بڑھانا اور اختلافات کو کم کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ چین جلد ہی پندرہویں پانچ سالہ منصوبہ کا آغاز کرنے جارہا ہے اور اپنے اعلی سطح کے کھلے پن کو فروغ دے رہا ہے، چین امریکی کمپنیوں کی جانب سے چین میں سرمایہ کاری اور کاروبار کا خیر مقدم کرے گااور چین امریکا اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مستحکم، صحت مند اور پائیدار ترقی کیلئے کوشاں رہے گا۔

اس موقع پر جوزف ایلن نے دونوں ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات کے نتائج کو سراہا اور پل کا کردار ادا کرتے ہوئے امریکا اور چین کے اقتصادی و تجارتی تعاون کو گہرا کرنے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔