شامی فوج اور ایس ڈی ایف میں جھڑپیں: 9 شہری جاں بحق، 55 زخمی

Published On 09 January,2026 02:13 am

حلب: (ویب ڈیسک) شام کے شہر حلب میں سرکاری افواج اور شامی ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) کے درمیان جھڑپوں میں 9 شہری جاں بحق اور 55 زخمی ہوگئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق فریقین ایک دوسرے پر شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کے الزامات عائد کر رہے ہیں، ایک شامی فوجی نے میڈیا کو بتایا کہ شامی فوج نے حلب کے شیخ مقصود اور اشرفیہ اضلاع میں ایس ڈی ایف کے ٹھکانوں پر بھرپور توپ خانے سے حملے شروع کر دیے ہیں، کارروائیاں ایس ڈی ایف کی جانب سے کیے گئے حملوں کے جواب میں کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب شامی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایس ڈی ایف نے حلب کے المیدان علاقے کو توپ خانے اور مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شہری علاقوں کو نقصان پہنچا۔

شام کی وزارتِ صحت کے مطابق ایس ڈی ایف کے حملوں میں اب تک 9 شہری جاں بحق جبکہ 55 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب ایس ڈی ایف کے میڈیا آفس نے شامی حکومت کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ سرکاری افواج مسلسل تیسرے روز بھی اشرفیہ کے رہائشی علاقوں پر توپ خانے اور ٹینکوں سے گولہ باری کر رہی ہیں، جس سے شہری آبادی شدید خطرے میں ہے۔