کراچی: (دنیا نیوز) انٹر بینک میں ڈالر 128 روپے 48 پیسے پر مستحکم رہا جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس مزید 897 پوائنٹس اوپر چلا گیا۔
رواں ہفتے کے آغاز سے روپے کو مسلسل ہلکان کرتے ڈالر کو آج قرار آہی گیا۔ ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 128 روپے 48 پیسے پر بند ہوا۔ ٹریڈرز کا کہنا ہے کہ انٹر بینک میں طلب و رسد میں توازن سے امریکی کرنسی کا ریٹ 128 روپے 48 پیسے پر برقرار ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 70 پیسے مہنگا ہو کر 129 روپے سے بھی تجاوز کرگیا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی آج بھی دیکھی گئی اور 100 اںڈیکس 897 پوائنٹس اضافے سے 41 ہزار 795 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شرح سود میں حالیہ اضافے سے بینکاری شعبے میں انویسٹرز کا رحجان بڑھ رہا ہے جبکہ سیمنٹ اور یوریا کھاد کی قیمتوں میں اضافے نے ان سیکٹرز میں بھی سرمایاکاروں کی دلچسپی بڑھا دی ہے۔
گزشتہ 3 روز میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے انڈیکس میں مجموعی طور پر 2 ہزار پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا جاچکا ہے۔