سٹیل ملز کرپشن میں ملوث افراد سے لوٹی رقم وصول کی جائے، لیبر یونین

Last Updated On 26 October,2018 03:43 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سٹیل ملز کی کرپشن میں ملوث افراد کو سزا اور لوٹی ہوئی رقم وصول کی جائے، ادارے کی لیبر یونین نے سٹیل ملز کی بحالی کے احکامات جاری کرنے کا حکومت سے مطالبہ کر دیا۔

سٹیل ملز ملازمین نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ ادارے میں میگا کرپشن کے ذمہ داروں کو سزا دلوائی جائے اور لوٹی گئی اربوں روپے کی رقم بازیاب کرائی جائے۔

سٹیل ملز لیبر یونین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سٹیل ملز کا 2008 سے آڈٹ کرایا جائے اور کلیدی عہدوں پر تعینات کرانے والوں کا بھی احتساب کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹیل ملز کے عہدیداروں نے ادارے کے چار ہزار ملازمین کا پروویڈنٹ فنڈ اور گریجویٹی کی مد میں جمع ہونے والے 15 ارب روپے ہڑپ کیے ہیں۔

لیبر یونین نے حکومت سے درخوست کی ہے کہ ریٹائرڈ اور وفات پانے والے ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کی جائے اور سٹیل ملز کی بحالی کے احکامات جاری کیے جائیں۔