کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 360 پوائنٹس کا اضافہ، 100 انڈیکس 39 ہزار 631 پوائنٹس کی سطح پر بند، دوسری جانب ڈالر کی قیمت 20 پیسے بڑھ گئی۔
کاروباری دن کے آغاز سے ہی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجہان رہا، دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس تین ہفتوں کی بلند ترین سطح 40 ہزار کی حد بھی عبور کر گیا مگر اختتام پر مارکیٹ 360 پوائنٹس کے اضافے سے 39 ہزار 631 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔
دوسری جانب روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انٹر بینک میں ڈالر 20 پیسے اضافے سے 132 روپے 23 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 132 روپے 30 پیسے پر ٹریڈ ہوا۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق سعودی عرب کے بعد عمران خان کے دورہ ملیشیا اور چین سے بھی کافی توقعات وابستہ ہیں اگر ان دونوں ممالک سے بھی پاکستان کو سپورٹ ملتی ہے تو روپے کی قدر میں اضافہ اور سٹاک مارکیٹ کے انڈیکس میں مزید بہتری آ سکتی ہے۔