کراچی: (دنیا نیوز) مقامی پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل اور ریفائنریز نے حکومت کو آگاہ کر دیا۔
موسم سرما کے شروع ہوتے ہیں ملک میں بجلی سے چلنے والے پاور پلانٹس بند ہونا شروع ہو گئے جس کے باعث مقامی سطح پر تیار ہونے والے فرنس آئل کی کھپت میں کمی ہو گئی۔ موجودہ حالات میں آئل ریفائنرز کے پاس فرنس آئل کا ذخیرہ بڑھنے لگا ہے، یہی وجہ ہے کہ کئی آئل ریفائنریز نے اپنی پیداواری صلاحت کو 40 فیصد کم کردیا ہے۔
موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے آئل کمپنیز ایڈوائزی کونسل نے وزارت توانائی کو ایک خط کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ ملک کی تقریبا تمام ریفائنریز بند ہونے کے قریب قریب ہیں، ریفائنریز کا چلتے رہنا ملک کے مفاد میں ہے، اگر ریفائنریزبند ہوئیں تو پیٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل، ایل پی جی ، جیٹ فیول اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی متاثر ہو گی۔
مقامی ریفائنریز اس وقت پی آئی اے اور ائیرفورس کو بھی جیٹ فیول فراہم کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس وقت بھی ملک میں فرنس آئل درآمد کر کے کثیر زرمبادلہ خرچ کیا جارہا ہے جبکہ مقامی ریفائنریز کے پاس وافر مقدار میں فرنس آئل موجود ہے۔
آئل ریفائنریز ایڈوائزی کونسل نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ حالات پر قابو پانے کے لئے حکومت یومیہ 10 ہزار میٹرک ٹن فرنس مقامی ریفائنریز سے خریدے۔