کراچی: (دنیا نیوز) اسٹیٹ بینک بین الاقوامی اینٹی کرپشن ڈے پر 50روپے کا یادگاری سکّہ 10دسمبر2018ء سے جاری کرے گا۔
جنرل اسمبلی نے 31 اکتوبر 2003ء کو کرپشن کے خلاف اقوامِ متحدہ کا کنونشن اپنانے کا اعلان کیا۔ جنرل اسمبلی نے 9 دسمبر کو بین الاقوامی اینٹی کرپشن ڈے بھی قرار دیا تاکہ عوام میں اینٹی کرپشن کے حوالے سے آگاہی بڑھائی جائے۔ اس کنونشن پر دسمبر 2005ء سے عمل درآمد شروع ہوا۔
وفاقی حکومت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو بین الاقوامی اینٹی کرپشن ڈے پر 50 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کرنے کا اختیار دیا ہے۔ یہ سکّے10دسمبر2018ء سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاؤنٹرز سے جاری کیے جائیںگے۔
50 روپے کے اس سکّے کی دھاتی تفصیل، ساخت، بناوٹ، اور ڈیزائن ذیل میں دیا گیا ہے۔ :سکّہ تانبے اور نکل سے بنا ہے، جس میں تانبے کا تناسب 75 فیصد اور نکل کا 25 فیصد ہے۔ اس کا قطر 30ملی میٹر اور وزن 13.5گرام ہے ۔
سامنے کا رخ
سامنے کے رخ پر وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ ستارے اور ہلال کے اوپر کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں ’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘ کندہ ہے۔ ہلال کے نیچے اور گندم کی اوپر کی طرف خمیدہ دو بالیوں کے اوپر عددی صورت میں سالِ اجرا 2018ء درج ہے۔ ستارے اور ہلال کے دائیں اور بائیں جانب بالترتیب سکّے کی مالیت ’’50‘‘ اور اردو میں ’’روپیہ‘‘ لکھا ہے۔
پچھلا رخ
پچھلے رخ پر دائرے کی شکل میں بالائی طرف ’’انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے‘‘ اور زیریں طرف ’’9 دسمبر‘‘ انگریزی حروف میں کندہ ہے جبکہ پچھلے رخ کے وسط میں ’’ہمارا ایمان، کرپشن فری پاکستان‘‘اردو حروف میں درج ہے۔