اسلام آباد: (دنیا نیوز) سرمایہ کاری بورڈ نے آئندہ تین سال کے لیے آسان کاروبار کی حکمت عملی پیش کر دی ہے جو کہ 2021ء تک لاگو رہے گی۔
سرمایہ کاری بورڈ کی دستاویز کے مطابق آسان کاروبار کے لیے اصلاحات تجویز کی گئی ہیں جس کے تحت سرحدوں پر ڈیوٹی اور ٹیکسز کی آئن لائن ادائیگی کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔
یہ حکمت عملی صوبائی حکومتوں اور عالمی بینک سے مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہے جبکہ وزارت خزانہ، ایف بی آر، ایس ای سی پی اور سٹیٹ بینک سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔
حکمت عملی کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں الیکٹرانک ون ونڈو آپریشن شروع کیا جائے گا۔ سندھ اور پنجاب میں لوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے اقدامات متعارف کرائے جائیں گے۔
حکمت عملی میں لیسکو اور کے الیکٹرک صارفین کو بل جاری کرنے سے قبل نرخوں میں تبدیلی سے آگاہ کیا جانے اور اراضی کی لین دین میں ای رجسٹری اور آئن لائن فرد کی سہولیات متعارف کرائی جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔