کراچی: (دنیا نیوز) کالا دھن چھپانے والوں کی بانڈز میں سرمایہ کاری بڑھ گئی، جولائی سے ستمبر کے دوران پرائز بانڈز میں ہونے والی سرمایہ کاری میں 42 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
ٹیکس چوروں اور کالا دھن رکھنے والوں کے خلاف حکومت نے گھیرا تنگ کرنا شروع کیا تو کئی افراد پرائز بانڈز خریدنے لگے، اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے ستمبر کے دوران پرائز بانڈز میں سرمایہ کاری میں 5 فیصد اضافہ ہوا یعنی بانڈز میں 42 ارب روپے تک سرمایہ کاری بڑھ گئی۔
تین ماہ میں 40 ہزار کے بانڈز میں سرمایہ کاری 14 ارب روپے اضافے سے 249 ارب روپے، 25 ہزار والے پرائز بانڈز میں سرمایہ کاری 7 ارب روپے اضافے سے 152 ارب روپے اور تین ماہ میں 15 ہزار کے پرائز بانڈز پر سرمایہ کاری 8 ارب روپے اضافے سے 162 ارب روپے تک پہنچ گئی، اس طرح پرائز بانڈز پر اب تک کی جانے والی سرمایہ کاری کا کُل حجم 887 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق کالا دھن آسانی سے بانڈز کی خریداری میں استعمال ہوجاتا ہے اسی لئے سخت حکومتی اقدامات کے باعث کئی افراد بانڈز کی خریداری میں رقم لگا رہے ہیں۔