اسٹاک مارکیٹ میں 276 پوائنٹس کی کمی، ڈالر مہنگا

Last Updated On 17 December,2018 05:05 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 276 پوائنٹس کی کمی نوٹ کی گئی، 100 انڈیکس 38 ہزار 309 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ جاری رہا جبکہ ٹریڈنگ کے اختتام پر 100 انڈیکس 276 پوائنٹس کمی کے بعد 38 ہزار 309 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

اسٹاک بروکرز کے مطابق حکومت نے معیشیت کی بہتری اور کاروبار دوست پالیسی بنانے کے اعلانات تو خوب کئے مگر تاحال عملی اقدامت نہ ہونے کے باعث سرمایہ کار عدم اعتماد کا شکار ہو رہے ہیں، یہی وجہ کہ انویسٹرز شیئرز کی خریداری کے بجائے فروخت کو ترجیح دے رہے ہیں۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 30 پیسے اضافے سے 140 روپے 30 پیسے جبکہ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 02 پیسہ مہنگا ہو کر 138روپے 92 پیسے کی سطح پر بند ہو۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت بڑھتے ہوئے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے تاکہ اسٹاک مارکیٹ سمیت دیگر شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ممکن ہو سکے۔