اسلام آباد: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کی شرح 4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ رواں مالی سال ترقی کی شرح کا ہدف 6 اعشاریہ 2 فیصد رکھا گیا تھا۔ زرعی شعبے میں ترقی کی شرح کم رہے گی۔
سٹیٹ بینک کے مطابق معاشی استحکام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے ترقی کی شرح کم رہے گی۔ ملک میں مہنگائی کی شرح ساڑھے 7 فیصد رہنے کا امکان جس کا ہدف 6 فیصد رکھا گیا تھا۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی میں اضافے کی وجہ بجلی اور گیس کی قیمتوں کا بڑھنا، روپے کی قدر میں کمی اور قرض گیری ہے۔
بیان کے مطابق مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کا 7 فیصد تک پہنچنے کا خدشہ ہے جس کا ہدف صرف 4 اعشاریہ 9 فیصد رکھا گیا تھا۔ اس کے علاوہ رواں مالی سال درآمدات 56 ارب ڈالر رہنے اور ملکی برآمدات 25 سے 27 ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے۔