کراچی: (دنیا نیوز) پٹرول و ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، دو ہفتوں کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل 11 ڈالر فی بیرول تک سستا ہو گیا۔
چین اور امریکا کے درمیان تجارتی جنگ کے اثرات نمودار ہونے لگے، تجارتی سرگرمیاں ماند پڑنے لگیں تو عالمی منڈی میں خام تیل کی طلب بھی گھٹنا شروع ہو گئی۔ دو ہفتوں کے دوران برطانوی خام تیل 11 ڈالر کمی کے بعد 70 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل 8 ڈالر کمی کے بعد 51 ڈالر فی بیرل میں ٹریڈ ہو رہا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہونے کا بھر پور فائدہ پاکستانی عوام کو ہوگا، اگر یہاں ڈالر بھی مستحکم رہے اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری رہا تو آئندہ ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر تک کمی ہوسکتی ہے۔ ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کا زور بھی کچھ حد تک ٹوٹ جائے گا۔