کراچی: (دنیا نیوز) مسلسل تیزی کے بعد ڈالر کو بریک لگ گئی، انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قیمت 4 روپے سستی ہوئی۔
مارکیٹ میں کاروبارکے آغاز پر ہی روپے نے ڈالر کو بڑھنے نہیں دیا، انٹر بینک میں ڈالر 4 روپے سستا ہوا، امریکی کرنسی کی قدر گھٹنے کے بعد ڈالر 160 روپے 5 پیسے پر بند ہوا، آج ڈالر کی قیمت میں 2.4 فیصد گراوٹ دیکھی گئی۔
دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں تنزلی دیکھی گئی، مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر امریکی کرنسی 2 روپے 50 پیسے سستی ہوئی، جس کے بعد ایک امریکی ڈالر 161 روپے 75 پیسے کا ہو گیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ دو روز میں مسلسل ڈالر کی قیمت بڑھنے کے بعد سرمایہ کار پریشان تھے تاہم آج مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر گھٹنا ملک کے لیے خوشگوار لمحہ ہے تاہم ڈالر کی قیمت پر نظر رکھنی کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر مندی غالب رہی، شروع میں 311 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی جس کے بعد 100 انڈیکس 33 ہزار 462 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تاہم کاروبار کے اختتام پر ایک ساتھ ہی تیزی ریکارڈ کی گئی، پاکستان سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 127 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، مارکیٹ میں انڈیکس 33901 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
اُدھر ملک بھر میں سونے کی قیمت بھی گر گئی، فی تولہ سونے کی قیمت میں 1900 روپے کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 79 ہزار 600 روپے پر پہنچ گئی جبکہ دس گرام سونے کی قیمت بھی 1628 روپے گھٹ گئی جس کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت 68 ہزار 244 روپے ہو گئی۔