کراچی: (دنیا نیوز) سندھ بھر میں سی این جی کی قیمتوں میں انیس روپے کلو اضافہ ہو گیا، کراچی میں ٹرانسپورٹرز کیلئے بسیں سڑکوں پر لانا مشکل ہوگیا۔ بس، رکشے والے کہتے ہیں مہنگائی نے برا حال کر دیا، اتنی مہنگی سی این جی نہیں ڈلوا سکتے، حکومت ریلیف دے۔ شہر کی سڑکوں پر معمول سے کم بسیں دکھائی دے رہی ہیں۔
مہنگائی کا طوفان عوام کو جکڑنے لگا، سی این جی کی قیمت میں ہوشربا اضافے نے کراچی میں ٹرانسپورٹ کا ستیاناس کر دیا۔ سڑکوں پر معمول سے کم بسیں دکھائی دے رہی ہیں تو بس اور رکشے والے بھی مصیبت میں پڑ گئے۔ کہتے ہیں سی این جی پر فی کلو انیس روپے بڑھ گئے۔ گاڑیوں کو سڑکوں پر کیسے لائیں، اتنی مہنگائی میں گھر کو کیسے چلائیں۔
پہلے ہی کراچی میں ٹرانسپورٹ کا بدترین نظام شہریوں کیلئے اذیت بنا ہوا ہے۔ بہتر پبلک ٹرانسپورٹ نہ ملنے سے شہریوں کا دفاتر، فیکٹریوں، کالج، یونیورسٹیز اور کام کاج پر جانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
ادھر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ سی این جی کی قیموں میں اضافے کو واپس نہیں لیا گیا تو گاڑیاں سڑکوں پر نہیں لا سکیں گے۔