ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں دکانداروں نے اشیائے خورونوش کے سرکاری نرخ نامے دکانوں پر آویزاں کرنے بند کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے خودساختہ قیمتوں میں اضافے سے مہنگی اشیاء خورونوش خریدنا شہریوں کی مجبوری بن گیا ہے۔
ملتان میں پرائس کنٹرول کمیٹی فعال نہیں جسکی وجہ سے دکانداروں نے اشیاء خورونوش کی من پسند قیمتیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں جس سے شہریوں کا معاشی استحصال مزید بڑھ گیا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ کو شکایات کے باوجود تاحال گرانفروشوں کے خلاف کوئی بڑی کارروائی نہیں کی جس پر شہری بھی حکام کی عدم دلچسپی پر نالاں ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کو گزشتہ مہینے کے دوران گرانفروشی کے حوالے سے 36 ہزار 345 شکایات موصول ہوئیں جس پر پرائس کنٹرول مجیسٹریٹ کا کہنا ہے کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ زیادتی ہے اسی لئے 14 ہزار سے زائد دکانداروں کو ابتک بھاری جرمانے کر چکے ہیں اور نرخ نامے آویزاں نہ کرنے پر کارروائیوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔
پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارروائیاں صرف فائلوں کی حد تک محدود ہیں اسی وجہ سے چاول، دال، گھی کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے فی کلو تک اضافہ ہو چکا ہے۔